پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے قومی مینز ٹیم کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ایف ایف نے قومی ٹیم کے لیے ستمبر میں انٹرنیشنل فرینڈلی میچز کے لیے مختلف ممالک سے رابطے شروع کردیے ہیں۔
اگر معاملات طے ہوگئے تو 2019 کے بعد پہلی مرتبہ قومی ٹیم کوئی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔
پاکستان فٹبال ٹیم نے 2019 میں آخری بار کمبوڈیا کیخلاف انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا، جس کے بعد فٹبال فیڈریشن تنازعات کا شکار ہوئی اور فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے پابندیوں کے باعث قومی کھلاڑی انٹرنیشنل میچز سے محروم رہے۔
پابندی ختم ہونے کے بعد پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی نے اپنا کام شروع کردیا اور ستمبر میں اسلام آباد میں پاکستان ٹیم کے لیے فرینڈلی میچز کروانے کے لیے مختلف ممالک سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایف ایف نے 21 سے 27 ستمبر کی فیفا ونڈو میں میچز کروانے کے لیے 3 ممالک سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جن ممالک سے رابطہ کیا ہے اُن میں افغانستان، مالدیپ اور لاوس شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق مخالف ٹیم کی تصدیق کے بعد پاکستانی اسکواڈ کے انتخاب کے لیے ٹرائلز کروائے جائیں گے۔
Comments are closed.