وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ 25 مئی کو زیادتی کرنے والوں سے بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، مجھے پتا ہے قانون کے تحت ان کے ساتھ کیسا سلوک کرنا ہے، رانا ثناء اللّٰہ تمہارے خلاف کیس لا رہے ہیں، تم جیل جانے والے ہو، تمہیں پھانسی کی سزا ہوگی۔
لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان کے وژن کو آگے لے کر چلوں گا، میری بنائی گئی سروس 1122 آج بھی دکھی انسانیت کے کام آ رہی ہے، میں نے اپنے گزشتہ دور میں تعلیم کے شعبے میں زبردست کام کیا، طالب علموں کو مفت کتابوں کی سہولت فراہم کی گئی۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کو شہباز شریف کی حکومت نے بند کردیا تھا، ہیلتھ کارڈ کو ایک بار پھر سے پنجاب کے ہر کونے تک پہنچائیں گے، ہم نے حکومت میں آتے ہی تاجروں کیلئے بازار کھول دیے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے پاس فارمولا ہے، مہنگائی ختم کر دیں گے، آپ تو مودی کو بچوں کی شادیوں پر بلا رہےتھے، آپ نے اپنی پگ مودی کے سر پر رکھ دی۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ شریفوں کیلئے بری خبر ہے عمران خان اور فوج کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔
Comments are closed.