وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے خبردار کیا ہے کہ پی ٹی آئی والے کہہ رہے ہیں کہ الٹی میٹم دیں گے۔ اگر دھونس، دھمکی دی تو 25 مئی سے برا حشر ہوگا۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ نشاندہی ہوگئی ہے کون لوگ قوم کو گمراہ کرتے ہیں، کون ٹرینڈ چلاتے ہیں، شہداء کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے گمراہی کا شکار ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید بریگیڈیئر محمد خالد کی فیملی سے تعزیت کے لیے حاضر ہوا ہوں، جنگ ہو، ملک کی حفاظت ہو یا سانحات ہوں، پاک فوج کا کردار بڑا اعلیٰ رہا ہے، پوری قوم پاک فوج اور اپنے شہدا سے محبت رکھتی ہے۔
رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ وطن کی حفاظت، دہشتگردی یا قدرتی آفات میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
رانا ثناء نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد کوئی شک نہیں رہا کہ عمران خان غیرملکی ایجنٹ ہے، چار پانچ دن پہلے عمران خان نے کہا اس چیف الیکشن کمشنر کی موجودگی میں انتخاب نہیں لڑیں گے، عمران خان پہلے پنجاب اور کے پی کے اسمبلی توڑیں پھر انتخاب کی بات کریں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی سربراہ قوم کو تقسیم کر ر ہے ہیں، اس طرح کا الٹی میٹم دینا دو نمبری ہے، پر امن جلسہ اور احتجاج کی اجازت ہے، جلسہ اور احتجاج کریں مگر اس میں کوئی تشدد ہوا تو 25 مئی سے بھی اچھے انداز میں نمٹیں گے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ گزارش ہے کہ ٹی ایل پی اپنا جلسہ لیاقت باغ میں کرلے، قانون اور آئین میں رہتے ہوئے ٹی ایل پی بھی جلسہ کرے، چوکوں اور سڑکوں کو بند کر کے احتجاج کرنے پر ہائیکورٹ کی بھی پابندی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری ایک بات میرے حق میں کر چکے ہیں، ان کی پی ٹی آئی سے چھترول ہوئی، اب فواد چوہدری میرے خلاف کوئی نہ کوئی بات کر کے بیلنس کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ توشہ خانہ سے عمران خان نے کچھ بھی نہیں چھوڑا، عمران خان نے توشہ خان سے چیزیں اٹھا کر بیچ دیں اور پھر 80 فیصد پیسے جیب میں ڈال لیے۔
Comments are closed.