ایشین باکسنگ فیڈریشن کے تحت تھائی لینڈ میں لگنے والا میلہ پاکستانی باکسرز نے لوٹ لیا۔ ہیوی ویٹ فائٹ میں پاکستان کے تیمور خان نے بھارتی باکسر کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کردیا۔
ایشین باکسنگ فیڈریشن کے مڈل ویٹ ٹائٹل کے لیے پاکستان کے شہیر آفریدی اور بھارت کے اسرار عثمانی کے درمیان مقابلہ ہوا۔
شہیر آفریدی رنگ میں اترے اور بھارتی باکسر کو دھو ڈالا، ایک کے بعد ایک مکا، پھر زور دار مکا، جس کی تاب نہ لاتے ہوئے بھارتی باکسر رنگ میں گر پڑا اور اسے سنبھلنے کا موقع ہی نہ ملا۔
شہیر نے اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا، شہیر آفریدی کا تعلق سندھ پولیس سے ہے۔
ہیوی ویٹ ٹائٹل کے لیے پاکستان کے تیمور خان اور بھارتی باکسر ویدانت اگروال رنگ میں اترے۔
تیمور خان نے بھارتی باکسر پر تابڑ توڑ حملے شروع کیے اور ابتدائی راؤنڈ میں ہی ویدانت اگروال کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کردیا۔
یوں ایشین باکسنگ فیڈریشن کا ہیوی ویٹ ٹائٹل بھی پاکستان کے نام رہا۔
کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والے نادر بلوچ نے ایشین باکسنگ فیڈریشن کونیٹینٹل ٹائٹل کی فائٹ میں تھائی باکسر کو شکست دے کر اعزاز اپنے نام کیا۔
پاکستان پروفیشنل باکسنگ کونسل کے سیکریٹری کلیم آزاد نے قومی باکسر کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کرنے کا اعلان کیا۔
Comments are closed.