تائیوانی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی منگل کو تائیوان آئیں گی، وہ منگل کی شب تائیوان میں گزاریں گی جبکہ بدھ کی صبح تائیوانی پارلیمنٹ کا دورہ کریں گی۔
میڈیا کی خبروں پر تائیوانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ نینسی پلوسی کے سفری منصوبے کی اطلاعات پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے، نہ ہی میڈیا کو بتانے کے لیے مزید کوئی معلومات ہیں۔
نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان پر چین امریکا کو خطرناک نتائج سے خبردار کر چکا ہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی اسپیکر نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان چین کے اندرونی معاملات میں سراسر مداخلت ہوگا۔
چینی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اسپیکر نینسی پلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو چینی فوج ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے گی، چین اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے سخت جوابی اقدامات کرے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی اسپیکر کا دورہ تائیوان خوفناک سیاسی اثرات کا باعث بنے گا، نینسی پلوسی تائیوان جانے کی ہمت کرتی ہیں تو انتظار کریں اور دیکھیں ہم کیا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان کسی امریکی ہاؤس اسپیکر کا 1997 کے بعد پہلا دورہ ہوگا۔
Comments are closed.