کراچی کے مصروف ترین کاروباری علاقے آئی آئی چندریگر روڈ کے سنگم شاہین چوک پر ٹوٹی ہوئی سیوریج لائن کی مرمت کا کام تین روز گزر جانے کے باوجود مکمل نہیں ہوسکا بلکہ شروع کیا گیا کام بھی سست روی کا شکار ہوگیا۔
کراچی میں سپریم کورٹ رجسٹری کے قریب آئی آئی چندریگر روڈ، ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ، ایم آر کیانی روڈ اور ایلنڈر روڈ کو ملانے والے شاہین چوک کے عین وسط میں ہفتے کی دوپہر 66 انچ قطر کی سیوریج لائن 10 سے 12 فٹ تک اچانک بیٹھ گئی تھی اور بہت بڑا گڑھا پڑ گیا تھا۔ سڑک سے لگ بھگ 10 فٹ گہرے گڑھے سے سیوریج لائن سے پانی کا تیز بہاؤ بھی دکھائی دے رہا تھا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے مطابق اس مقام پر مرمت کا کام فوری طور پر شروع کردیا گیا تھا جو اتوار کو بھی دن بھر جاری رہا۔
پیر کی شام تک اس مقام پر سڑک کو کافی جگہ تک کھود دیا گیا تھا، 66 انچ قطر کے سیوریج کے پائپ بھی پہنچا دیے گئے تھے مگر پائپ بچھانے کا کام شروع نہیں ہوا تھا۔
مشینری اور مزدور موجود تھے جو نہ جانے کس چیز کا انتظار کر رہے تھے۔
اس ترقیاتی کام کی وجہ سے شہر کے اس مرکزی مقام پر 5 مرکزی شاہراہ سے ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہے، شہریوں کو دور دراز سے گھوم کر آئی آئی چندریگر روڈ پر آنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق خدانخواستہ اگر بارش ہو جاتی ہے تو علاقے میں صورتحال مزید گمبھیر ہو جائے گی۔
Comments are closed.