پاکستان تحریک انصاف فرانس کے سینئر رہنماؤں نے کہا ہے کہ شکر الحمد اللّٰہ قوم عمران خان کے وژن کو سمجھ کر اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ کے وزارتِ اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے سلسلے میں پرویز الہٰی کی درخواست پر فیصلہ آنے کے بعد ایک پرتکلف عشائیے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معروف بزنس مین امجد ماروی بھی موجود تھے۔
پی ٹی آئی رہنما چوہدری ابرار کیانی، راجہ افضان شاہ نواز، چوہدری افضال ڈھل، چوہدری طاہر اقبال اور عمر رحمان نے کہا کہ اس طرح ہماری آنے والی نسل ایک آزاد خود مختار قوم کی حثیت سے دنیا میں جانی جائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم اوورسیز پاکستانی اپنے قائد عمران خان کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم کشکول توڑ پھینکنے میں ملک و قوم کے شانہ بشانہ ہوں گے۔
پی ٹی آئی فرانس کے رہنماؤں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ ملک میں جلد ہی عام انتخابات ہوں اور پاکستان تحریک انصاف باصلاحیت، تعلیم یافتہ لوگوں کو آگے لائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام ہماری پارٹی کو بھاری مینڈنٹ دے کر آزاد خود مختار ملک بنانے کے لیے عمران خان کو موقع دیں گے۔
اس موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی جبکہ عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو مبارک باد اور اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا۔
Comments are closed.