بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

منجمد اثاثوں کیلئے امریکی اور طالبان حکام کے درمیان تجاویز کا تبادلہ

افغانستان کے بیرونِ ملک اربوں ڈالرز کے منجمد اثاثے جاری کرنے کے لیے امریکی اور طالبان حکام کے درمیان تجاویز کا تبادلہ ہوا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دونوں ملکوں کے فریقین کے درمیان اثاثے جاری کرنے سے متعلق اہم اختلافات برقرار ہیں۔

رپورٹ کے مطابق طالبان نے افغان مرکزی بینک میں اعلیٰ سیاسی تقرریوں کو بدلنے سے انکار کر دیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغان مرکزی بینک میں تعینات طالبان کے ایک عہدے دار پر امریکی پابندیاں عائد ہیں۔

امریکا نے افغان اثاثوں کے لیے ٹرسٹ فنڈ اور اسے کسی تیسرے فریق کو دینے کی تجویز پیش کی ہے، جبکہ طالبان نے امریکا کی اس تجویز کی مخالفت کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا سوئٹزر لینڈ اور دیگر فریقین سے افغان اثاثے جاری کرنے کے میکنزم پر بات کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان کے امریکا میں رکھے گئے 7 ارب ڈالرز سمیت بیرونِ ملک 9 ارب ڈالرز کے اثاثے منجمد ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.