بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ میں گاڑیوں کی غیر قانونی نمبر پلیٹس کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

اسپیکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن نے کراچی اور صوبے کے تمام اضلاع میں مختلف گاڑیوں کی غیرقانونی نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اسپیکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن نے گاڑیوں پر غیر قانونی بلیو، گرین یا دیگر رنگوں کی نمبر پلیٹس اور پولیس لائٹس کے خلاف صوبائی سطح پر مہم شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔

اسپیکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ کی شاہراہوں اور ہائی ویز پر رواں دواں نجی ملکیت کی گاڑیوں پر نصب بلیو، گرین نمبر پلیٹس اور پولیس لائٹس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ یہ عمل قانون سے تجاوز کے زمرے میں آتا ہے، پرائیوٹ گاڑیوں پر بلیو اور گرین نمبر پلیٹس کا استعمال سراسر غیرقانونی اور ماورائے قانون ہے۔

غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ اس قسم کے رجحان کے سدباب اور حوصلہ شکنی کے لیے ایف آئی آرز کے اندراج سمیت تمام تر ضروری قانونی کارروائی اشد ضروری ہے، تمام ڈی آئی جی ضلعی ایس ایس پیز اور ٹریفک پولیس غیر قانونی بلیو اور گرین نمبر پلیٹس اور پولیس لائٹس کے خلاف فی الفور ایک ٹھوس اور مربوط مہم کا آغاز کریں۔

حکم کے مطابق کارروائیوں پر مشتمل تفصیلات روزانہ کی بنیاد پر سینٹرل پولیس آفس کو ارسال کریں۔

غیر قانونی عمل میں ملوث یا مرتکب ٹھہرائے جانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

ترجمان کے مطابق مذکورہ مہم اگلے تین ماہ تک جاری رہے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.