بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات بھر موسلادھار بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات بھر وقفے وقفے سے تیز بارش کے باعث متعدد علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، سڑکيں ندی نالوں میں بدل گئیں اور نالے ابل پڑے۔

بارش اور سڑکوں پر زیادہ پانی جمع ہونے کے باعث متعدد شہریوں کی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں بند ہوگئیں۔

صدر اور ٹاور سمیت اولڈ کراچی کی سڑکیں اور گلیاں ڈوب گئیں، کئی کئی فٹ پانی جمع ہوجانے سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

مسلسل بارش کے باعث ملیر ریور برج میں گہرا شگاف پڑگیا جس کے بعد ایک ٹریک کو بند کردیا گیا۔ کے پی ٹی، سب میرین اور مہران انڈر پاس میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

ناگن چورنگی پر سڑکیں اور فٹ پاتھ پانی میں ڈوب گئے، جس سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔

پی ای سی ایچ ایس، لیاقت آباد سی ون ایریا اور عزیز آباد بلاک 2 سمیت کئی علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔

شہر کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 4 کمرشل اور سکس کی سڑکوں پر پانی کا راج ہے۔

فیز فور کے کئی مکانوں میں پانی داخل ہوگیا جس سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان علاقوں سے کئی افراد رشتے داروں کے گھروں میں منتقل ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق سندھ حکومت نے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی مدد کے لیے پمپ بھیج دیئے ہیں۔

ادھر کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران حفاظت کے باعث 90 فیڈرز بند کئے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.