وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان عوام کو گمراہ کرکے سیاسی انتشار پیدا کر رہے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان ملک میں سیاسی انتشار پیدا کر رہے ہیں، ملک اس وقت ایک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ عمران خان کو 4 سال کا موقع ملا، اُن سے پوچھتا ہوں آپ نے کیا کیا؟ پی ٹی آئی چیئرمین عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان پاکستان میں محاذ آرائی پیدا کرکے ملک دشمن کا کام کر رہا ہے، آپ کے پاس آج بھی کشمیر کے سودے کا جواب نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دوست ممالک کے سربراہان کے تحفے مارکیٹ میں بیچے گئے، عمران خان نے معیشت کو بھی کھوکھلا کیا اور خارجہ پالیسی بھی تباہ کی۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کروڑ روپے خرچ کرکے سوشل میڈیا کے ذریعے انتخابی عمل پر اثر انداز ہو رہا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین کو کھلی چھٹی دی گئی ہے کہ وہ ممنوع فنڈنگ کے پیسے سے مخالفین کی کردار کشی کرے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ نواز شریف کو تو اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ وصول کرنے پر تاحیات نااہل قرار دیا گیا، عمران خان کو ممنوع فنڈنگ استعمال کرنے کی اجازت کس نے اور کیوں دی؟
Comments are closed.