بھارتی وزارتِ تجارت نے 50 فیصد ملازمین کو مزید ایک سال کے لیے گھر سے کام کرنے کی اجازت دے دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتِ تجارت کے خصوصی اقتصادی زون (SEZ) یونٹ کے 50 فیصد ملازمین کو مزید ایک سال کے لیے گھر سے کام کی اجازت دے دی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمۂ تجارت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے اسپیشل اکنامکس زون رولز 2006ء میں گھر سے کام کرنے کے لیے ایک نئے قانون 43A کا اضافہ کیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق صنعت کی جانب سے مطالبے پر خصوصی اقتصادی زون یونٹ کے ملک گیر ملازمین کے لیے گھر سے کام کرنے کی پالیسی کا انتظام کیا گیا ہے، جس کے تحت خصوصی اقتصادی زون یونٹ کے مخصوص ملازمین، جن میں آئی ٹی، آئی ٹی ایس یونٹ شامل ہیں، کے لیے مذکورہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔
نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ ملازمین جو معذور ہیں، جو عارضی طور پر سفر میں ہیں یا جو آف سائٹ پر کام کر رہے ہیں ، وہ بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
گھر سے کام کرنے کی سہولت کو 50 فیصد ملازمین کے لیے مہیا کیا گیا ہے، جن میں کنٹریکٹ ملازمین بھی شامل ہیں۔
وزارتِ تجارت کا کہنا ہے کہ اب زیادہ سے زیادہ ایک سال کی مدت تک گھر سے کام کرنے کی اجازت ہے، تاہم یونٹس کی درخواست پر ڈی سی کی طرف سے اسے ایک سال کے لیے مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔
Comments are closed.