بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہیں، رانا ثنا اللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سمیت تمام ممبران پر قوم کو اعتماد ہے، ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک پاگل شخص جیت کر بھی کہہ رہا ہے کہ اس کے ساتھ دھاندلی ہوئی۔

انہوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تم نے چیف الیکشن کمشنر کی ذات کو نشانہ بنایا ہے، تم اداروں کو بلیک میل کر کے دھونس، دھاندلی سے اپنی بات منوانا چاہتے ہو، تمہیں ایسی گھٹیا حرکت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ تم حکومت میں تھے تو تم نے الیکشن کا عملہ اغوا کیا دھاندلی کروائی، تم 20 میں 20 سیٹیں جیتو گے تو مانو گے کہ شفاف الیکشن ہوئے۔

رانا ثنا اللّٰہ کا عمران خان الیکشن کروانے میں مخلص ہوتا تو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی توڑ دیتا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن ہوئے کیوں کہ مرکز اور صوبے میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی، ہم الیکشن ہارے ہیں لیکن اس کے باوجود ہم الیکشن کمیشن پر اعتماد کر رہے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہمیشہ ہارنے والا الیکشن کمیشن کے خلاف بات کرتا ہے یہ پاگل شخص جیتنے کے بعد یہ بات کر رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کو دھونس دباؤ میں لانے کے لیے اس طرح کی گفتگو کرتا ہے، اسے قانون کے مطابق ہینڈل کیا جائے تو پوری قوم اداروں کے ساتھ ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا الیکشن ہے جس پر پورا دن امن و امان رہا، دھاندلی تب ہوتی ہے جب پریزائیڈنگ افسران اغوا ہوتے ہیں، جب آئی جی اور چیف سیکریٹری الیکشن کمیشن کو نہ ملیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے چور دروازے سے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ڈسکہ میں ان کی دھاندلی کا نوٹس لیا تو اس نے ہرزہ سرائی شروع کی۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ جب سے فنڈنگ کا فیصلہ محفوظ ہوا یہ الیکشن کمیشن سے متعلق ایسی گفتگو کرتا ہے، یہ آدمی اداروں کو زیر بار لانے کے لیے ایسا رویہ اپنائے ہوئے ہے، ہم اس کی بلیک میلنگ کی مذمت کرتے ہیں۔

ساتھ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف نے ہمیشہ میاں نواز شریف کو اپنا قائد سمجھا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.