پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کور کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ سامنے آگیا، جس کے مطابق اس دوران پارٹی کی ملک گیر رکنیت سازی میں تیزی لانے پر اتفاق ہوا ہے۔
عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پرویز الہٰی کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق دوران اجلاس پنجاب کے ضمنی الیکشن میں تاریخی کامیابی اور بعد کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ٹی آئی قیادت نے آئندہ کی تنظیمی و سیاسی حکمت عملی پر مفصل گفتگو کی، سندھ کے بلدیاتی اور ضمنی انتخابات پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق دوران اجلاس سندھ کے انتخابات سے متعلق حکمت عملی کے اہم نکات پر بھی منظور کیے گئے۔
اس دوران نچلی ترین سطح پر تنظیمی ڈھانچوں کی تکمیل کےلیے موثر تنظیم سازی کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق عمران خان نے شدید دباؤ کے باوجود کامیاب انتخابی مہم پر ذمے داروں اور پارٹی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ریاستی جبر کے باوجود بے مثال انداز میں نکلنے والے ووٹرز خصوصاً خواتین اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ لاالہ الا اللّٰہ کی نظریاتی اساس پر قائم ریاست ہے، جو ملک و ملت کو ناقابلِ شکست بندھن میں جوڑتی ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان کی نظریاتی اساس کو کمزور کرنے والے ملک کو کمزور کرتے ہیں، عوامی قوت کو حقیر سمجھنے کی غلطی کبھی نہ کی جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے دھاندلی کرنے والوں کی سہولت کاری کا فریضہ ادا کیا، انتخابات میں ساری قوتیں یکجا تھیں مگر معاملہ روایتی سیاست سے اوپر اٹھ چکا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ہمارے معاشی مسائل کا حل ملت کے احیاء میں پوشیدہ ہے، پاکستان فلاحی ریاست کی جانب بڑھنے پر اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی رپورٹ دیکھ کر خوشی ہوئی۔
انہوں نے دوران گفتگو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا حقیقی اثاثہ قرار دیا۔
Comments are closed.