بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بل گیٹس نے اپنی ساری دولت عطیہ کرنے کا فیصلہ کیوں کیا؟

معروف ٹیک کمپنی مائیکروسافٹ کے سی ای او بل گیٹس نے اپنی تمام دولت عطیہ کرنے اور دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق بل گیٹس کی دولت کی مجموعی مالیت تقریباً 113 بلین ڈالرز ہے اور وہ اس وقت دنیا کے چوتھے امیر ترین آدمی ہیں۔

بل گیٹس نے کچھ دن قبل مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کیا تھا کہ پچھلے کچھ سالوں میں دنیا کو کئی بڑے دھچکے لگے ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کی حوصلہ شکنی ہوئی اور وہ یہ سوچ رہے ہیں کہ شاید اب دنیا مزید برے حالات کا شکار ہونے والی ہے۔

بل گیٹس نے اپنے ٹوئٹ میں تشویش کا اظہار کیا ہے کہ یوکرین کے خلاف جنگ پوری دنیا کے لیے ایک بہت بڑا المیہ ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والا نقصان، اس حوالے سے کی گئی پیش گوئیوں سے کہیں زیادہ ہے۔

اُنہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ اس ماہ 20 بلین ڈالر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کو عطیہ کریں گے۔

 اُنہوں نے اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ اگرچہ فاؤنڈیشن ہمارے ہی نام ہے لیکن بنیادی طور پر ہمارے آدھے وسائل وارن بفیٹ کی مدد کی وجہ سے ہیں۔

بل گیٹس نے لکھا ہے کہ وارن بفیٹ کی ناقابلِ یقین سخاوت ایک بہت بڑی وجہ ہے کہ فاؤنڈیشن اس قدر زبردست کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہی ہے، میں اس کی دوستی اور رہنمائی کی جتنی بھی تعریف کروں کم ہے۔

اُنہوں نے لکھا ہے کہ میں اپنی تمام دولت فاؤنڈیشن کو دینے کا ارادہ رکھتا ہوں اور اس طرح دنیا کے امیر ترین آدمیوں کی فہرست سے باہر ہو جاؤں گا۔

بل گیٹس نے مزید لکھا ہے کہ یہ میری ذمے داری ہے کہ میں اپنے وسائل کو معاشرے کو ایسے طریقوں سے واپس کروں جس کا مصائب کو کم کرنے اور زندگیوں کو بہتر بنانے پر سب سے زیادہ اثر پڑے۔

بل گیٹس نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا ہے کہ مجھے امید ہے کہ دولت اور استحقاق کے عظیم عہدوں پر موجود دوسرے لوگ بھی اس لمحے میں مدد کے لیے آگے بڑھیں گے۔

خیال رہے کہ بل گیٹس نے 2010ء میں بھی اس طرح اپنی دولت عطیہ کرنے کا عہد کیا تھا لیکن اس کے بعد ان کی دولت دگنی ہو گئی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.