پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام نے 11 جماعتوں کے اتحاد کو شکست دی۔
پی پی 217 میں صاحبزادے زین قریشی کی فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کے خلاف 11 جماعتوں کا اتحاد بنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں من پسند نتائج کے لیے چن چن کر افسران تعینات کیے گئے تھے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ نتائج نے ثابت کردیا کہ عوام جب فیصلہ کرلیں تو کوئی طاقت ان کے سامنے نہیں ٹہر سکتی۔
انہوں نے پیپلز پارٹی پر تنقید کی اور کہا کہ پی پی پہلے عوام کی طاقت کی قائل تھی لیکن اب اس نے نظریہ ضرورت اپنا لیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور اُن کے والد آصف علی زرداری نے اپنی سیاست کے لیے ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ دفن کردیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں مسلم لیگ (ن) سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے بھیک مانگ رہی ہے جبکہ عمران خان ان سب کے لیے اکیلا ہی کافی ہے۔
Comments are closed.