اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا ہے کہ بھارت سلامتی کونسل میں مستقل نشست چاہتا ہے، یہ ہم نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں اٹلی سمیت ہمارے ساتھ بہت سے ممالک کی حمایت شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری سفارت کاری اور مستقل محنت کا نتیجہ ہے کہ بھارت کو مستقل رکنیت نہیں ملی۔
منیر اکرم نے بتایا کہ بھارت کئی دہائیوں سے سلامتی کونسل کا مستقل رکن بننے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو سمجھنا چاہیے سب ملکوں کو تو سلامتی کونسل کی مستقل نشست نہیں مل سکتی، کئی دیگر ملک بھی مستقل رکن بننا چاہتے ہیں۔
منیر اکرم کا کہنا تھا کہ مخصوص وقت کے لیے سب ممالک سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست پر آئیں، بھارت بھی آئے، پاکستان بھی آئے، اپنی اپنی باری پر سب آئیں۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں مستقل نشستوں کے معاملے پر بحث اگلے سال تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
انہوں نے پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں بین الحکومتی بات چیت کا عمل درست رہے۔
منیر اکرم کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل اصلاحات کے مختلف ایشوز، توسیع پر بات کرنی ہے، سلامتی کونسل میں توسیع کہاں سے ہوگی، کس ریجن کو کتنی نشستیں ملنی چاہئیں، ان نکات پر بحث ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ توسیع کا ویٹو پاورز سے کیا تعلق ہوگا، سلامتی کونسل کا جنرل اسمبلی سےتعلق کیا ہوگا، ان نکات پر بحث کر کے ہمیں طے کرنا ہے کہ ہم کیا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام باتوں کے بعد سلامتی کونسل ریفارم کا مسودہ تیار ہوگا۔
Comments are closed.