لاڑکانہ میں سیشن کورٹ کے قریب مسلح افراد نے نو بیاہتا جوڑے پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے لڑکی جاں بحق اور اس کا شوہر شدید زخمی ہوگیا۔ مقتولہ کے شوہر نے الزام عائد کیا ہے کہ فائرنگ اس کے سسر نے کی، مقتولہ بیوی نو ماہ کی حاملہ تھی۔
مقتولہ کے شوہر نے بلاول بھٹو زرداری سے اپیل کی ہے کہ وہ غریب ہے مقدمہ نہیں لڑ سکتا۔ اس کی بیوی اور ہونے والے بچے کے قتل کے مقدمے کی پیروی بلاول بھٹو زرداری کریں۔
پولیس کے مطابق لاڑکانہ کی رہائشی 19 سال کی ماروی گاڈہی نے بہاول پور کے رہائشی جواد احمد سے پسند کی شادی کی تھی۔ لڑکی کے والدین نے جواد احمد پر اغوا کا مقدمہ درج کروا رکھا تھا، جس کی آج سیشن کورٹ میں تیسری سماعت تھی۔
سماعت 21 جولائی تک ملتوی ہونے کے بعد دونوں میاں بیوی جیسے ہی سیشن کورٹ سے باہر نکلے پہلے سے گھات لگائے تین مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے ماروی گاڈہی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ اس کا شوہر جواد احمد شدید زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے جبکہ دو مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، مقتولہ کے زخمی شوہر نے حملے کا الزام اپنے سسر پر عائد کر دیا۔
Comments are closed.