مقبوضہ جموں اور کشمیر کی کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری سے مقبوضہ وادی میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی بند کروانے کی اپیل کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق حریت کانفرنس نے کشمیریوں کے قتلِ عام کی مذمت کی ہے اور یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی برادری تنازعِ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں، کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کروائے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پلوامہ میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا تھا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ وادی میں کل یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر مکمل ہڑتال کی جائے گی۔
ہڑتال کی کال حریت کانفرنس نے 1931ء کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنےکے لیے دی ہے۔
حریت کانفرنس نے ہڑتال کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری شہداء کی بے مثال قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 1931ء میں 13 جولائی کو ڈوگرہ راجہ کی فوج کے ہاتھوں سری نگر سینٹرل جیل کے باہر 22 کشمیری شہید ہوئے تھے۔
Comments are closed.