پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کا وفاقی وزیر احسن اقبال کے ساتھ پیش آنے والے بدتمیزی کے واقعے پر رد عمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ ہم نے بہت برداشت کرلیا ہے، اپنے کارکنوں کی تربیت کرنا سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے، خواتین اور بچوں کو ڈھال بنانا عمران خان کی سیاست کا پرانا وتیرہ ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان زمین پر اتریں تو پتا چلے گا لوگ ان کے ساتھ کیا کرتے ہیں، عمران خان دوسروں کو چور چور کہتے ہیں، ان کو آٹا، چینی چوری کا جواب دینا ہے، ہم ان پر کیسز نہیں بنا رہے، قانون خود اپنا راستہ بنا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ اظہار رائے کے نام پر کچھ بھی، کہیں بھی کیا جائے، یہ لوگ ایسے کام کر کے اپنی تربیت دکھا رہے ہیں، ہم کبھی سخت بات کرتے ہیں تو ہمیں تکلیف ہوتی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ احسن اقبال کے ساتھ اور اس سے پہلے ہونے والے واقعات قابل مذمت ہیں۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، آج گالم گلوچ کا کلچر عام ہو چکا ہے، اس کو روکنے کی ضرورت ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی رہنما ثمر بلور کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں تقسیم ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے، خواتین کا رویہ دیکھ کر مجھے بہت شرم آئی، بد تمیزی پی ٹی آئی کا کلچر بن چکا ہے۔
ثمر بلور نے کہا کہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کو چاہیے ایسے واقعات کو ہوا نہ دیں، ایسے واقعات کی مذمت کرنی چاہیے۔
Comments are closed.