قیام پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کی تیاریوں سے متعلق اجلاس میں پاکستان کی 75ویں سالگرہ سے متعلق مجوزہ تقریبات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت اطلاعات و نشریات اور آئی ایس پی آر کے تقریبات شایان شان طریقے سے منانے کے منصوبے پر مبنی اجلاس میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے شرکت کی۔
اعلامیہ کے مطابق ڈائمنڈ جوبلی کے جشن کو قومی یکجہتی، اتحاد اور یگانگت کے فروغ کا یادگار موقع بنایا جائے گا۔ مزید کہا گیا کہ تقریبات میں ملک بھر کی تمام ثقافتوں اور وفاق پاکستان کے تمام رنگوں کو شامل کیا جائے گا۔ نوجوانوں کی جشن آزادی تقریبات اور مقابلوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے گی۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزارت اطلاعات اور آئی ایس پی آر کی طرف سے 75 سالہ تقریبات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جشن آزادی کے موقع پر ملی نغموں کے مقابلے اور اس میں حصہ لینے والوں سے متعلق تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملی نغموں کے مقابلوں میں حصہ لینے کی تاریخ 30 جون مقرر کی گئی تھی۔ یکم سے 9 جولائی تک مقابلوں میں شریک ہونے والوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ جبکہ شارٹ لسٹ کیے جانے والوں کو اسلام آباد بلایا جائے گا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مقابلہ جیتنے والے امیدوار کا ملی نغمہ 11 سے 14 اگست تک قومی نشریاتی رابطے پر نشر ہو گا۔
دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں میں بھی 75ویں سالگرہ کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے تقریبات کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات نے قومی تقریبات کی تیاریاں کرنے والی ٹیموں اور ڈپارٹمنٹس کے جذبے کی تعریف کی۔
Comments are closed.