
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح ایک پھر موسلا دھار بارش شروع ہو گئی ہے۔
کراچی میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے، آج صبح سے کراچی کے علاقے محمود آباد، کورنگی، گلشنِ حدید، گلشنِ اقبال، حسن اسکوائر، ناظم آباد، لائنز ایریا، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق مشرق کی جانب سے مون سون سسٹم کراچی کی جانب بڑھ رہا ہے، آئندہ 2 گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ پورے شہر میں پھیل سکتا ہے۔
کراچی، ٹھٹھہ، بدین، عمر کوٹ، میر پور خاص، حیدر آباد اور تھر پارکر میں آج صبح موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
رواں ہفتےکے آخر میں مون سون ہواؤں کے سلسلے میں مزید شدت آنے اور کراچی سمیت سندھ بھر میں 7 جولائی تک آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
اس دوران کہیں موسلا دھار اور کہیں معتدل بارش کا بھی امکان ہے، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ سندھ کے جنوب میں موجود ہے، اس ہوا کے کم دباؤ کو شمالی بحیرۂ عرب سے نمی مل رہی ہے، بھارتی ریاست مہاراشٹرا سے بھی ہوا کے اس کم دباؤ کو سپورٹ بھی مل رہی ہے۔
اس کم دباؤ کے باعث کراچی میں 40 سے 50 ملی میٹر بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ 9 جولائی تک شہر میں بارشوں ہو سکتی ہے، بارش کے سبب نشیبی علاقوں میں برساتی پانی بھی جمع ہوسکتا ہے۔
گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی بارش کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں سمیت کے ایم سی کے صدر دفتر کے باہر تاحال بارش کا پانی جمع ہے۔
Comments are closed.