وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت یوٹیلٹی اسٹورز کے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں غریب اور پسماندہ طبقے کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں یوٹیلٹی اسٹورز پر 5 بنیادی اشیاء ضروریہ کم نرخوں پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ سہولت یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے پورے ملک میں غریب اور پسماندہ طبقے کو فراہم کی جائے گی۔
آٹا، چینی، گھی، خوردنی تیل، دالیں اور چاول کی کم نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
وزیراعظم نے کراچی میں یوٹیلٹی اسٹورز کے نیٹ ورک میں توسیع کی بھی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ کراچی میں یوٹیلٹی اسٹور کی کم تعداد کسی طور منظور نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی میں یوٹیلٹی اسٹورز کی تعداد بڑھانے کا جامع منصوبہ دو ہفتے میں پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقے کو اس وقت ریلیف کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، اس طبقے کے ریلیف کے لیے حکومت ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سبسڈی کا نظام شفاف اور ڈیجیٹل بنایا جائے، مختلف قسم کی سبسڈیز اکٹھی کرکے ایک جامع نظام بنایا جائے۔
Comments are closed.