بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

چیئرمین پی سی بی بننے کی پیشکش ہوئی تو انکار نہیں کروں گا، خالد محمود

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین خالد محمود نے کہا ہے کہ اگر انہیں کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بننے کی پیشکش ہوئی تو وہ انکار نہیں کریں گے۔ 

خیال رہے کہ ایک روز قبل وزیراعظم شہباز شریف سے سابق چیئرمین پی سی بی نے ملاقات کی تھی، اس حوالے سے چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں کہ وہ بھی چیئرمین پی سی بی بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔

تاہم اس سلسلے میں جیو نیوز کے پروگرام ’اسکور‘ میں بات چیت کرتے ہوئے سابق چیئرمین نے کہا کہ ان کے پاس انتظامی امور سنبھالنے کا 50 سال کا تجربہ ہے، وہ پی سی بی گورننگ کونسل ممبر ہونے کے ساتھ قومی ٹیم کے منیجر بھی رہے ہیں۔

خالد محمود کا کہنا تھا کہ اگر حکومتِ وقت اور پیٹرن ان چیف پی سی بی وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے کہا تو وہ انکار نہیں کریں گے۔

1998ء سے 1999ء تک چیئرمین پی سی بی رہنے والے خالد محمود نے کہا کہ ماضی میں میاں محمد نواز شریف نے بھی ان سے بورڈ کے حوالے سے سوال پوچھا اور پھر بورڈ کی باگ ڈور ہاتھ میں تھما دی تھی۔

خالد محمود نے اعتراف کیا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں پی سی بی کے چیئرمین اور معاملات پر گفتگو کرنی چاہی تو وزیر اعظم نے الٹا ان سے سوال کردیا؟ آپ بتائیے بورڈ کیسا چل رہا ہے۔

سابق چیئر مین پی سی بی کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم سے کہا کہ کرکٹ بورڈ کا سربراہ بناتے وقت اس کا تجربہ اور کام دیکھنا چاہیے۔

البتہ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خالد محمود کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی ایک اہم عہدہ ہے اور اس عہدے کی شان اور تقاضہ ہے کہ اس کے لیے دوڑ دھوپ نہ کی جائے۔

اس سلسلے میں انہوں نے عبدالحفیظ کاردار مرحوم، جسٹس کارنیلیس اور ایئر مارشل نور خان مرحوم کی مثال بھی پیش کی۔

اس سوال کے جواب میں کہ پیٹرن ان چیف پی سی بی وزیراعظم شہباز شریف نے سابق چیئرمین سے تو ملاقات کر لی، البتہ موجودہ چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کیوں نہیں کی؟ جس پر خالد محمود بولے کہ اس سوال کا ان کے پاس جواب نہیں۔

خیال رہے کہ موجودہ چیئرمین پی سی بی 59 سالہ رمیز راجا 13 ستمبر 2021ء کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پی سی بی گورننگ بورڈ میں احسان مانی کی جگہ رکن بننے کے بعد چیئرمین پی سی بی کی مسند تک پہنچے تھے۔

اپریل 2022ء میں قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں عمران خان کی جگہ میاں محمد شہباز شریف نے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالا تھا، تاہم دو ماہ گزرنے کے بعد بھی رمیز راجہ تاحال چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر فائز ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی لاہور میں موجودگی اور چیئرمین پی سی بی سے ملاقات نہ ہونے پر ایک بار پھر کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی تبدیلی کی خبروں میں تیزی آگئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.