بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ق لیگ، PTI نے اراکین کو ایوان اقبال جانے سے روک دیا

ق لیگ اور پی ٹی آئی نے اراکین کو ایوانِ اقبال میں ہونے والے پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں جانے سے روک دیا۔

پی ٹی آئی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر محمود الرشید کا کہنا ہے کہ اراکین کو اطلاع کر دی ہے کہ پرویز الہٰی کی زیرِ صدارت اجلاس میں شریک ہوں۔

تحریکِ انصاف نے تمام اراکینِ اسمبلی کو مراسلہ بھی جاری کر دیا، اراکینِ اسمبلی کو خط پارلیمانی لیڈر میاں محمود الرشید کی جانب سے لکھا گیا ہے۔

مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر پرویز الہٰی کی زیرِ صدارت ہو رہا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ارکانِ اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی زیرِ صدارت اجلاس میں شرکت کریں، پنجاب اسمبلی کے سوا کسی اور جگہ اجلاس میں شرکت نہ کی جائے۔

پنجاب کو پھر آئینی بحران کا سامنا ہے، جہاں صوبائی اسمبلی کے 2 الگ الگ اجلاس ہو رہے ہیں۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن کا طلب کردہ پنجاب حکومت کا بجٹ اجلاس آج دوپہر 2 بجے ایوانِ اقبال میں ہو گا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے اجلاس دوپہر 1 بجے طلب کر رکھا ہے۔

سب کی نظریں پنجاب اسمبلی پر لگی ہیں کہ پنجاب کا بجٹ کل تو پیش نہ ہو سکا، آج پیش ہوگا یا نہیں؟ دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی کو ہٹانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔

پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے قبل مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیرِ صدارت ایوانِ وزیرِ اعلیٰ میں ہوا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اسپیکر اور گورنر پنجاب دونوں کے طلب کردہ اجلاس ایک کرنے کے حوالے سے بیک ڈور رابطے جاری ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دو اجلاس ہونے سے حکومت اور اپوزیشن دونوں کی آئینی پوزیشن متاثر ہو گی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے اپوزیشن لیڈر سبطین خان سے رابطہ کیا ہے جس کے دوران آج کے اجلاس کے حوالے سے مشاورت کی ہے۔

پرویز الہٰی نے اپوزیشن ارکان کو 1 بجے پنجاب اسمبلی پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی پہنچ گئے، جہاں آج سال 23-2022ء کے لیے صوبے کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔

اجلاس سے قبل پرویز الہٰی اپوزیشن ارکان سے اگلی حکمتِ عملی طے کریں گے۔

دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے ایوانِ اقبال میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے ’جیو نیوز‘ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب آئینی طور پر کہیں بھی اجلاس طلب کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب نے اجلاس ایوانِ اقبال میں طلب کیا ہے، ان کی جانب سے اسپیکر اسمبلی کو اجلاس کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے حوالے سے مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔

دوست محمد مزاری نے مزید کہا کہ اسپیکر کی عدم موجودگی میں اجلاس کی صدارت میں کروں گا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ 41 واں اجلاس طلب کیا گیا ہے، اس میں پینل سمیت تمام معاملات طے کیے جائیں گے۔

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک اور قوم کی خدمت کے لیے کام کرنا ہمارا فرض ہے۔

ادھر حکومتی اتحادی راہِ حق پارٹی کے سربراہ معاویہ اعظم پنجاب اسمبلی پہنچ گئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.