محکمہ موسمیات نے کل شام سے ملک میں پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اور کہا ہے کہ 15 سے 23 جون تک گلگت، میرپور، مظفرآباد، ہنزہ اور اسکردو میں بارش کا امکان ہے۔
جبکہ 16 سے 21 جون تک اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور مضافات میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 17 سے 20 جون تک ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور اور رحیم یارخان میں بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ 16 اور 17جون کو راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی اور لاہور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ 17 سے 20 جون تک بلوچستان کے علاقوں سبی، بولان، نصیرآباد، بارکھان، قلات، خضدار اور چمن میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا اور 17 سے 19 جون تک سکھر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہوگا۔
جبکہ 15 سے 22 جون تک چترال، دیر، سوات، پشاور، کوہاٹ، بنوں اور صوابی میں بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارش کے باعث حالیہ گرمی کی لہر میں کمی واقع ہوگی اور فصلوں، سبزیوں و باغات کو پانی کی دستیابی میں بہتری کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ موسلا دھار بارش کے باعث گلگت، کشمیر اور بالائی کے پی میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مشرقی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
Comments are closed.