بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بی جے پی رہنما کے توہین آمیز بیانات، سندھ اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور

بھارت میں توہین آمیز بیانات پر سندھ اسمبلی کے ارکان یک زبان ہوگئے۔ ایوان میں بھارت کیخلاف مذمتی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے توہین آمیز بیانات کی مذمت کرتے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے محمد حسین نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رہنما کے توہین آمیز بیانات کی مذمت کرتے ہیں۔ 

رکن اسمبلی عبدالرشید نے کہا کہ بھارت سے احتجاج کیا جائے، سفیر کو واپس بلایا جائے اور مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔

صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ بھارت میں پیش آنے والا واقعہ نفرت اور تعصب پر مبنی ہے۔ بھارت میں تمام اقلیتوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ 

علاوہ ازیں سندھ پبلک سروس کمیشن بحالی کا بل صوبائی وزیر شرجیل میمن نے پیش کیا، جس پر اپوزیشن ارکان نے نعرے بازی کی اور بل کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ 

پی ٹی آئی ارکان نے احتجاجاً اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کی غیر فعالی سے روزگار کی فراہمی کا سلسلہ رکا ہوا تھا۔ 

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈے اے) کی نصرت سحر عباسی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ قانون کے مطابق یہ بل ہمیں دینا چاہیے تھا۔ ہم اس بل کا جائزہ لیتے اور ترامیم شامل کرتے۔

انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، سیکشن 3 میں ترمیم جمع کرادی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.