برطانیہ کے مارشل آرٹسٹ اسٹیو کیلر نے ایک انگلی سے 129.50 کلوگرام وزن اٹھا کر 10 سال پرانا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
اسٹیو نے یہ وزن ایک انگلی کی مدد سے 8 سیکنڈ تک اٹھایا، گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے نئے ورلڈ ریکارڈ کی تصاویر شیئر کردیں۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے اپنے بلاگ میں بتایا کہ اسٹیو نے لوہے کی 6 ڈسکس ایک ساتھ اٹھائیں۔
ایک ڈسک کا وزن 26 کلوگرام، تین کا 25 کلوگرام سے زائد، ایک 20 کلوگرام اور ایک 10 کلوگرام وزنی تھی۔
48 سالہ اسٹیو مارشل آرٹسٹ ہیں اور وہ پچھلے 4 سال سے یہ ریکارڈ بنانے کی تیاری کر رہے تھے۔
انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ تربیتی مشق کے دوران کافی وزن ایک انگلی سے اٹھایا تھا جس کے بعد ورلڈ ریکارڈ کا ٹائٹل حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔
ماضی میں یہ ریکارڈ آرمینیا کے بینِک اسرائیلیان کے پاس تھا جنہوں نے 2012 میں 121.70 کلوگرام وزن ایک انگلی سے اٹھایا تھا۔
Comments are closed.