
وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں ناموسِ رسالت ﷺ کے معاملے پر بحث کرانے کی درخواست کر دی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے لیڈروں کی ہرزہ سرائی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے سوا ارب مسلمانوں کے دل کا خون کیا گیا، جس پر مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔
وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ آقائے کریم ﷺ سے ہماری عقیدت و محبت کے اس اہم اور نازک معاملے پر ایوان میں بحث کرائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں ہوئے اس قابلِ مذمت واقعے کے خلاف ایوان قرار داد منظور کرے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس قرار داد کے ذریعے بھارت سمیت پوری دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ آقائے کریم ﷺ کی حرمت کے لیے ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بی جے پی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پر اسلام اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ کی شانِ اقدس میں گستاخانہ گفتگو کی تھی۔
بعد ازاں نوپور شرما کو 5 جون کو توہین آمیز ریمارکس پر بی جے پی سے معطل کر دیا گیا تھا۔
گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرونِ ملک غم و غصے کا اظہار کیا گیا جبکہ عرب ممالک میں ’بائیکاٹ انڈیا‘ مہم بھی چل رہی ہے۔
Comments are closed.