
اونٹ کو رکشے میں بٹھانا، اب صرف کہاوت ہی نہیں بلکہ حقیقت بن گیا ہے، ایسے ہی ایک منظر کا سامنا فورتھ ویلی پولیس افسر کو معمول کی گشت کے دوران ہوا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کے علاقے کریگفورتھ اسٹرلنگ میں پولیس افسر اس وقت دنگ رہ گیا جب گشت کے دوران ایک مسافر کی کار سے اونٹ نکل آیا۔
پولیس افسر نے معمول کی چیکنگ کے لیے کار کو روکا تھا، کار کا شیشہ کھلنے پر معلوم ہوا کہ ڈرائیور کے ہمراہ فرنٹ سیٹ پر الپاکا (جنوبی امریکا میں پائی جانے والی اونٹ کی ایک نسل) بھی بیٹھا ہوا ہے۔
فورتھ ویلی پولیس نے یہ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران کچھ غیر معمولی مسافروں سے ملاقات ہوئی ہے اور گاڑیوں میں مختلف نقائص کا بھی پتا چلا ہے، ان مسافروں میں سے کچھ نے ہمارے روڈ سیفٹی کے مشوروں کو سراہا‘۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین اس عمل پر ملے جلے تاثرات کا اظہار کر رہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ ’معذرت افسر… اگلی بار الپاکا بوٹ میں ہوگا‘۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ یہ تھوڑا ’خطرناک‘ ہے۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’پولیس کی جانب سے روکنے پر یہ خبر بنائی گئی، لیکن میرا الپاکا کے ساتھ مختلف تجربہ رہا، میں نے ایک الپاکا کے بچے کو پالا، اب وہ سوچتی ہے کہ میں اس کی ماں ہوں‘۔
ایک صارف نے طنزیہ انداز میں اس اونٹ کے لیے کہا کہ ’آپ سے مل کر خوشی ہوئی۔‘
Comments are closed.