روس اور چین نے دونوں ممالک کو ملانے والے پہلے پُل کا افتتاح کردیا۔ ایک کلومیٹر طویل یہ پُل شمالی چین کو مشرقی روس سے منسلک کرے گا۔
یہ پُل دریائے آمور پر تعمیر کیا گیا ہے، تعمیراتی کام دو برس قبل مکمل ہوا تھا لیکن کورونا وبا کی وجہ سے اس کا افتتاح نہیں ہوسکا تھا۔
روس کے شہر بلاگوویشنسک میں آج تقریب منعقد ہوئی، جس میں پُل کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔
اس پُل میں دو رویہ سڑکیں ہیں اور اس کی تعمیری لاگت 32 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھی۔
پُل کے ذریعے سب سے پہلے 8 مال بردار ٹرک روس پہنچے، ان ٹرکوں میں گاڑیوں کے ٹائر اور برقی آلات کے پُرزے لدے ہوئے تھے۔
روس کے وزیر ٹرانسپورٹ وٹالی سیولائی نے کہا کہ نوتعمیر شدہ پُل کے ذریعے دونوں ممالک میں سالانہ 10 لاکھ ٹن سامان کی ترسیل ہوگی۔
خیال رہے کہ روس اور چین کی مشترکہ سرحد 4 ہزار 250 کلومیٹر طویل ہے۔
Comments are closed.