وزیراعظم عمران خان کا بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے کامیاب ردعمل پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان نے پوری دنیا کو اپنے ذمہ دارانہ رویے کا ثبوت دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے بالاکوٹ واقعے کے 2 سال مکمل ہونے پر پاک فوج کی بہادری کو سلام اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم ہمیشہ امن کیلئے کھڑے ہیں اور پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی پائلٹ واپس بھیجا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کنٹرول لائن پر سیزفائر معاہدے کی بحالی کا خیرمقدم کرتا ہوں اور تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کیلئے تیار ہیں جبکہ مزید پیشرفت کیلئے سازگار ماحول بنانے کی ذمےداری بھارت پر ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کے دیرینہ مطالبے کو یو این قراردادوں کے مطابق پورا کرنا ہوگا اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے بھارت کو اقدامات کرنا ہوں گے۔
واضح رہے کہ 27 فروری 2019 کو پاکستانی فورسز نے بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے تھے اور ایک پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھی حراست میں لے لیا تھا۔
Comments are closed.