پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں لانگ مارچ کرنل شیر خان انٹر چینج صوابی پہنچ گیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور مراد سعید بھی عمران خان کے ساتھ ہیں۔
عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ ساڑھے تین سال میں انہوں ںے تین لانگ مارچ اور دو دھرنے دیئے، ہم نے کبھی کسی کو پر امن احتجاج کرنے سے نہیں روکا، پوری قوم کو آج نکلنا ہے عمران خان کچھ لمحے میں نکلیں گے۔
دوسری جانب عمران خان کے خطاب کے لئے انبار انٹرچینج میں لگائے گئے شامیانے اور کرسیاں ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر ہٹا دی گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اجلاس میں اس بات کا عزم کیا گیا کہ ہر غیر قانونی کام کا راستہ روکا جائے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء نے اتحادی جماعتوں کے وفاقی وزراء کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے لانگ مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی، انہیں روکا جائے گا، یہ لوگ اسلام آباد آ کر افراتفری پھیلائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ لوگ گالیوں سے گولیوں پر آ گئے ہیں، لانگ مارچ کے نام پر فتنہ مارچ کیا جا رہا ہے، لانگ مارچ کے نام پر قوم کو تقسیم کیا جا رہا ہے، اس فتنے اور فساد کو روکنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
علاوہ ازیں پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا تھا کہ ہرحال میں اسلام آباد کے لیے نکلیں گے، کابینہ کا ہمیں روکنے کا فیصلہ غیر قانونی ہے۔
عمران خان نے کہا تھا کہ جب یہ اقتدار میں نہیں ہوتے تو انہیں جمہوریت یاد آ جاتی ہے، اس حکومت اور فوجی آمروں کے درمیان کوئی خاص فرق نہیں، فاشسٹ حکومت کی تاریخ ہمیں معلوم ہے، یہ وہی حربے استعمال کرتے ہیں جو آمر کرتے ہیں۔
Comments are closed.