اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان دو بھائیوں کے نام ہیں۔
پاک چین سفارتی تعلقات کی71ویں سالگرہ کے موقع پر چینی صدر اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے اول تا آخر تمام قائدین اور رہنمائوں کوسلام کرتا ہوں، اول تا آخر پاک چین قائدین نے دوستی کو اسٹرٹیجک پارٹنرشپ اور آئرن برادرز میں ڈھالا ہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ آج وہ مبارک دن ہے جب پاک چین دوستی کے پودے کا بیج بویا گیا تھا، وہ بیج 70 سال میں ایک توانا اور پھل دار شجر سایہ دار بن چکا ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ 21مئی 1950سے 2018 تک پاک چین قیادت اور عوام نے دوستی کو پروان چڑھایا، کوئی آندھی، طوفان اور حسد کی کوئی آگ اس فولادی بندھن پر اثرانداز نہ ہوسکی۔
انہوں نے کہا کہ ان پیاروں کو بھی خراج عقیدت جن کی جان پاک چین دوستی کی وجہ سے لی گئی۔وزیراعظم شہبازشریف نے جامعہ کراچی حملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی کے باہر ہمارے چینی بھائیوں اور بہن کو نشانہ بنایا گیا، ہم ان سمیت پاک چین دوستی پر قربان ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم ان کے اہل خانہ سے اپنے غم کا اظہار کرتے ہیں، پختہ عہد ہے کہ ان جرائم میں ملوث دشمنوں کا خاتمہ کریں گے، سی پیک پاک چین ہی نہیں خطے کے پائیدار استحکام کی مضبوط بنیاد ہے، سی پیک غربت مٹانے، معاشی تعاون، خطے کوجوڑنے کی مضبوط بنیاد ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ سی پیک آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی علامت اور ضمانت ہے، پختہ عزم ہے یہ مثالی بندھن باہمی تعاون، اعتماد اور قربتوں کی نئی بلندیوں سے ہم کنار ہوگا۔
Comments are closed.