بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ایڈمٹ کارڈز کا معاملہ،وزیرِ بورڈز کی چیئرمین سے وضاحت طلب

وزیر بورڈز سندھ اسماعیل راہو نے کراچی میں میٹرک بورڈ کی جانب سے ایڈمٹ کارڈ نہ ملنےکی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین بورڈ سےوضاحت مانگ لی۔

اسماعیل راہو نے ہدایت کی ہے کہ جن طلبہ کو ایڈمٹ کارڈ نہیں ملا، ان سے دوبارہ امتحان لیا جائےگا۔

دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ نے بتایا کہ پونے 4 لاکھ ایڈمٹ کارڈ جاری ہوئے، کچھ میں ایشو ہوسکتا ہے۔

چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی شرف علی شاہ کا کہنا ہے کہ جن طلبہ کو ایڈمنٹ کارڈ نہیں ملا ہے ان سے پرچہ بعد میں لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے تحت آج سے شروع ہوئے امتحانات میں 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد طلبہ شریک ہو رہے ہیں۔

میٹرک بورڈ کے مطابق کراچی کے 18 ٹاؤنز میں 448 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن کے اطراف دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

امتحانی مراکز میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔

کراچی، حیدرآباد اور میرپور خاص ڈویژنز میں آج سے میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے۔

کراچی میں آج نویں جماعت سائنس گروپ کا کمپیوٹر اسٹڈیز کا پرچہ ہورہا ہے، 1 لاکھ 58 ہزار 869 طلبا و طالبات پرچہ دیں گے جبکہ نویں جماعت جنرل گروپ کے طلبہ کا جنرل سائنس کا پرچہ ہے جس میں 17 ہزار 782 طلبہ شریک ہیں۔

میٹرک بورڈ کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر اسٹڈیز کا پرچہ صبح 9:30 بجے شروع ہوا ہوگا، جبکہ جنرل سائنس کا پرچہ دن 2:30 بجے شروع ہوگا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.