پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر اور تجزیہ کار شعیب اختر نے کہا ہے کہ شرجیل خان کے 5سال ضائع ہوئے، پاکستان کو بہترین اوپنر مل گیا تھا جو باہر کی وکٹوں پر پھینٹی لگا سکتا تھا۔
جیو کے پروگرام جشن کرکٹ میں شعیب اختر نے انفرادی طور پر کھلاڑیوں کی کارکردگی اور مجموعی طور پر پی ایس ایل کے میچز پر گفتگو کی۔
شعیب اختر نے کہا کہ پی ایس ایل میں میچ بہت دلچسپ ہو رہے ہیں، یہاں پر جس کا مڈل آرڈر تگڑا ہوگا وہی میچ جیتے گا۔
شعیب اخترکا کہنا تھا کہ شرجیل خان کو پانچ سال سزا دی گئی، اس نے اپنا اور ملک کا نقصان کیا۔ شرجیل نے سزا کاٹ لی، اسے اب پاکستان کو کھلانا چاہئے۔ جب سزا ہوجائے تو معافی کا عمل ہونا چاہئے۔
شعیب اختر نے ساتھ یہ بھی کہا کہ شرجیل کے پاس فٹنس نہیں ہے اس کو اپنی فٹنس کا خیال رکھنا ہوگا جبکہ حسین طلعت میں ٹیلنٹ ہے اور حسین طلعت کو ضائع نہیں کرنا۔ ان لڑکوں کو ضائع نہیں کیا جائے، ان سے کام لیا جائے۔
شعیب اختر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ بابر اعظم سے بہتر 10 اوور کوئی نہیں کھیلتا لیکن بابر کا اسٹرائیک ریٹ نیچے آیا ہے۔ بابر اعظم ایک اچھا کپتان اور ایک اثاثہ ہے۔
شعیب اختر نے ماضی پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد عامر اور محمد آصف کا بہت اچھا کمبی نیشن بن گیا تھا۔ 2009 میں، میں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا تھا۔ آصف اور عامر پکڑے گئے تو مجھے کہا گیا ایک سال اور کھیل لو۔
Comments are closed.