وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ آئین شکنوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے، اتحادیوں کو اعتماد میں لے کر کارروائی کریں گے۔
لندن میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ملک میں انتشار پھیلانے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے، ملک میں گالی اور بد تمیزی کا کلچر فروغ دیا جارہا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورت حال سے نمٹنے کے لیے نواز شریف نے بہترین رہنمائی کی ہے، اجلاس میں ہونے والے فیصلے اتحادیوں سے منظور کروائیں گے، ملک میں افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ملک و قوم کو درپیش صورتحال سے متعلق رہنمائی درکار تھی، نواز شریف نے جو سوچ اور وژن دیا ہے اتحادیوں سے مل کر اس پر عمل کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے سیاسی روایات کا بھٹہ بٹھا دیا ہے۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل کی جائے گی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ قومی قیادت کو ذمہ داری کے ساتھ ملک کو بحران سے نکالنا ہوگا، ہماری جو مشاورت ہوئی ہے اس پر اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، ہماری ایک اتحادی حکومت ہے، چاہتے ہیں فیصلے مشاورت سے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت ملک کی معیشت جس سطح پر چھوڑ کر گئی اس سے ہمیں دباؤ کا سامنا ہے، عمران نیازی ملک میں ایک منظم مہم کے تحت انتشار پھیلا رہے ہیں۔
Comments are closed.