پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان عوامی سیاستدان نہیں، وہ کسی اور طریقے سے اقتدار میں آئے۔
سکھر احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ سیاسی لوگ اداروں پر حملے نہیں کرتے، اداروں کا احترام سب پر لازم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان بہادر نہیں ہے، ان کی حکومت نے 4 سال میں ملک کو دلدل میں دھکیل دیا، جس کو ٹھیک کرنے میں کم از کم چار ماہ تو لگ سکتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاسی جدوجہد اور ہے، یہ شارٹ کٹ کے عادی ہیں لیکن کچھ نہیں ہوگا، عمران خان کے الزامات میں صداقت نہیں، ان کے الزامات پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ حکیم سعید اور شامی صاحب کے انکشافات کی تحقیقات کیلئے بھی جوڈیشل کمیشن بنائیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سکھر کی احتساب عدالت میں خورشید شاہ پر آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی جس میں خورشید شاہ پیش ہوئے۔
صوبائی وزیر اویس شاہ، ایم پی اے فرخ شاہ سمیت کیس میں نامزد دیگر افراد بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
خورشید شاہ سمیت 18 افراد پر نیب ریفرنس دائر ہے، نیب ریفرنس کیس کی سماعت 24 مئی تک ملتوی کردی گئی ہے۔
Comments are closed.