مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے پاکستان میں ماہ شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا ہے، یوں ملک بھر میں عیدالفطر 3 مئی بروز منگل ہوگی۔
عیدالفطر کل ہوگی یا پرسوں؟ عوام کے ماہ شوال کا چاند نظر آنے کے حوالے سے جاری انتظار کی گھڑیاں اب ختم ہوگئیں۔
اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا، جو اب ختم ہوا۔
مولانا عبدالخبیر نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان کی موجودگی میں اعلان کیا کہ ملک بھر میں مطلع بالکل صاف تھا، ماہ شوال کا چاند کہیں بھی نظر نہیں آیا۔
انہوں نے اعلان بھی کیا کہ اس حوالے سے صوبائی اور زونل کمیٹیوں سے رابطہ رکھا گیا، ملک بھر میں عیدالفطر 3 مئی بروز منگل کو ہوگی۔
اس سے قبل زونل کمیٹیوں کا اجلاس کراچی، پشاور، لاہور اور کوئٹہ میں ہوا تھا۔
کراچی میں ہونے والے اجلاس کے بعد زونل کمیٹی نے اعلان کیا کہ شہر قائد میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا ہے۔
لاہور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کے بعد پنجاب کے عہدیداروں نے میڈیا سے بات چیت کی۔
زونل رویت ہلال کمیٹی نے تصدیق کی کہ پنجاب میں چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، چاند دیکھنے سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
اجلاس میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے ممبران اور محکمہ موسمیات کے افسران کی شرکت کی، اس موقع پر بتایا گیا کہ چاند کی اس وقت عمر 17 گھنٹے ہے، اس کے دکھائی دینے کے لیے عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔
بلوچستان زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں ہوا، محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کوئٹہ اور گردونواح میں مطلع ابرآلود ہے، چاند نظر آنے کا امکان کم ہے۔
محکمہ موسمیات نے پہلے ہی بتایا تھا کہ آج چاند نظر آنے کے امکانات نہیں، عید الفطر 3 مئی منگل کے روز ہونے کا امکان ہے۔
Comments are closed.