پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کی تبدیلی یا نام کی تبدیلی سے فرق نہیں پڑتا۔
جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے مصباح کا کہنا تھا کہ ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کی بندش کا فائدہ نظر نہیں آیا، چار سال سے اداروں کی ٹیمیں بند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو ادارے ٹیموں پر پیسہ خرچ کرتے تھے وہ رقم اسپورٹس پر نہیں لگ سکی، ریجنل ٹیمیں بنیں تو ایڈمنسٹریٹر کے مسائل سامنے آئے۔
سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ تجربہ کریں لیکن پرانے سسٹم کو بھی چلنے دیا جاتا تو کوئی حرج نہیں تھا۔
انہوں نے کرکٹ بورڈ میں تبدیلی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کے چیئرمین کی تبدیلی یا نام کی تبدیلی سے فرق نہیں پڑتا۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ نئے چیئرمین کے آنے بعد جو کام ہو رہا ہوتا ہے وہ رک جائے تو فرق پڑتا ہے، پی سی بی میں کام جاری رہنا چاہیے ناموں کی تبدیلی سے فرق نہیں پڑے گا۔
Comments are closed.