پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کا کہنا ہے کہ پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے الیکشن صاف و شفاف ہو گا، میں اسمبلی رولز کے مطابق الیکشن کراؤں گا۔
دوست محمد مزاری پنجاب اسمبلی پہنچ گئے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی سمجھ رہا ہے کہ اسمبلی کا ماحول خراب کرنا ہے تو میں نے پریشر لینے نہیں دینا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایوان میں دونوں طرف سے کوشش ہو گی کہ پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے الیکشن التواء کا شکار ہو جائے۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ الیکشن آج ہی ہو گا، رزلٹ کا اعلان بھی آج ہی کیا جائے گا، پوری کوشش ہو گی کہ اچھے انداز میں الیکشن کراؤں۔
دوست محمد مزاری نے میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ کل عدالت کے دو رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوا تھا۔
واضح رہے کہ پنجاب میں وزیرِ اعلیٰ کون ہو گا؟ پرویز الہٰی یا حمزہ شہباز، اس بات کا فیصلہ آج ہونے جا رہا ہے۔
حمزہ شہباز مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار ہیں جبکہ پرویز الہٰی کو اپنی جماعت ق لیگ کے ساتھ پی ٹی آئی کی حمایت بھی حاصل ہے۔
پرویز الہٰی کی جانب سے 189 ارکان کی حمایت کا دعویٰ سامنے آیا ہے جبکہ حمزہ شہباز شریف نے 200 سے زائد ارکانِ اسمبلی کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے۔
حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ناراض گروپ اور پیپلز پارٹی کی حمایت انہیں حاصل ہے۔
Comments are closed.