ایک نئی تحقیق کے مطابق صحت مند طرز زندگی اپنانے سے ڈیمنشیا (ذہنی کمزوری کی بیماری جس کے نتیجے میں یاداشت میں کمی آجاتی ہے) سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔
اس تحقیق کے مطابق صحت بخش غذا، ورزش اور ذہنی طور پر متحرک رہنے سے اس بیماری سے بچا جاسکتا ہے۔
محققین کے مطابق وہ مرد و خواتین جو صحت مند طرز زندگی کو اپناتے ہیں وہ نہ صرف طویل عرصے تک زندہ رہتے ہیں بلکہ الزہیمر یا دیگر ڈیمنشیا سے محفوظ رہتے ہیں۔
اس تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر کلوڈیان دہانا کا کہنا ہے کہ سبزیاں، بیریز، سالم اناج اور کم سے کم فرائی شدہ خوراک استعمال کرنے، پابندی سے ورزش کرنے اور خود کو ذہنی طور پر متحرک رکھنے سے نسیان کی بیماری یا ذہنی و حافظے کی کمزوری سے کافی حد تک بچا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذہنی طور پر متحرک رہنے کے لیے کتابوں کا مطالعہ، میوزیم کا دورہ اور کراس ورڈ یا اسی قسم کی دیگر ذہنی مصروفیات کافی مفید ہوتی ہیں۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر کلوڈیان دہانا رش انسٹیٹوٹ آف ہیلتھی ایجنگ شکاگو (امریکا) کے انٹرنل میڈیسن کے شعبے میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں۔
Comments are closed.