پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ہر فارمیٹ کے ٹاپ ٹین بولرز میں آنے کے حقدار ہیں، وہ جس طرح محنت کرتے ہیں اور پرفارمنس دیتے ہیں انہیں تو مزید آگے جانا ہے، وہ میرے لیے نمبر ون بولر ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے بابر اعظم نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ہر فارمیٹ میں ہر وقت جان مارتا ہے بحثیت کپتان میں چاہتا ہوں اور میری دعا بھی ہے کہ شاہین آفریدی مزید آگے جائے، وہ رینکنگ میں بھی نمبر ون آئے گا۔
بابر اعظم نے کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ شاندار رہا، یہ خوش آئند بات ہے کہ اب دوسری ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی، آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں تینوں فارمیٹ میں اچھی کرکٹ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ سب سے اچھی بات یہ تھی کہ آسٹریلیا کی ٹیم نے پاکستان میں خوب انجوائے کیا، مہمان ٹیم نے کرکٹ کو بھی انجوائے کیا اور میدان سے باہر بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ اچھی چیز ہے کہ اس وقت قومی کرکٹرز کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں، میں کاؤنٹی کرکٹ میں فور ڈے کرکٹ تو نہیں کھیلا لیکن میں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلی ہوئی ہے میں سمجھتا ہوں کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے سے کھیل میں بہتری آتی ہے۔
قومی کپتان نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز آسان نہیں ہوتیں، وہاں کھیلنا مشکل ہوتا ہے ایسے میں وہاں کھیل کر تجربہ ملتا ہے اور کھیل میں بہتری آتی ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ جب انہوں نے کھیلنا شروع کیا تو تب اس قدر سہولیات نہیں تھیں جتنی اب بچوں اور نوجوانوں کو دستیاب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب انڈور ہالز ہیں، جمز ہیں اور سوئمنگ پولز بھی ہیں، اس سے بچوں اور نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ سے فائدہ اٹھانا چاہیے، جتنا فائدہ اٹھائیں گے اتنا ان کے لیے اچھا ہے۔
بابر نے بتایا کہ جب میں کرکٹ شروع کی تو اس وقت جو بھی سہولیات دستیاب تھِیں میں ان سے سو فیصد فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا تھا، اب میں بچوں کو بھی یہی کہوں گا کہ جو دل کرتا ہے وہ کھیلیں، کسی کے کہنے پر زبردستی کھیل مت شروع کریں اپنی پسند کا کھیل منتخب کریں اور اس میں محنت کریں۔
بابر اعظم نے کہا کہ وہ گولف کھیل کر انجوائے کرتے ہیں لیکن وہ صرف گولف ہی نہیں کھیلتے وہ کرکٹ سے ہٹ کر دیگر کھیلوں میں بھی حصہ لیتے ہیں اور ان کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں اس کا مجھے مزہ آتا ہے۔
Comments are closed.