لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت لوکل گورنمنٹ کے نظام کا خوش دلی کے ساتھ قیام عمل میں لائے اورصوبوں کو اس جانب متوجہ کرے۔
سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کو یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ حلف میں انھوں نے ایمان اور اس کے تقاضوں کو دہرایا ہے اور اسلامی نظریہ اور دستور پاکستان کی پاسداری کا عہد کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی سالمیت، خودمختاری ،اور استحکام کا وعدہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نومنتخب وزیراعظم کو حلف برداری کے موقع پر پڑھی جانے والی قرآنی آیات کو ذہن نشین کر لینا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ جس کو چاہے بادشاہی دےتا ہے اور بے شک وہ ہر چیز پر قادر ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ درحقیقت حلف کا ایک ایک لفظ ان کی کارکردگی کو جانچنے کا پیمانہ فراہم کر رہا ہے۔ ملک کا سربراہ ہوتے ہوئے ان کی کارکردگی آخرت میں ان کے لیے میزان بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ پولرلائزیشن کی وجہ سے ملک شدید بحرانی کیفیت میں ہے اور ایسے میں قومی توانائیاں ایک دوسرے کے خلاف استعمال ہو رہی ہیں۔ موجودہ صور تحال میں کسی طویل المیعاد قومی ایجنڈے پر عمل کرنا حکومت کے لیے ممکن نہیں ہو سکے گا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کے لیے دو ہدف ہیں، ایک طرف اسے قوم میں تفریق کو کم کرنا اور دوسری جانب وزیروں اور مشیروں کی فوج ظفر موج کی بجائے صاحب کردار لوگوں پر مشتمل مختصر کابینہ بنا کر کچھ ٹھوس اقدامات کی بنیاد ڈالناہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابی عمل کو منصفانہ اور شفاف بنانے کے لیے اصلاحات اور اقدامات کو یقینی بنائے۔ جمہوری عمل کے تسلسل، نظام حکومت کی نچلی سطح پر منتقلی ، معاشرے کی سیاسی تربیت کے لیے بلدیاتی اداروں کا قیام اور شفاف الیکشن اہم ترین میدان ہیں۔
Comments are closed.