سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ن لیگ کے 5 سال میں اتنا خسارہ ہوا تھا، جتنا خان صاحب ایک سال میں کرگئے، آپ نے سستی شہرت کے لئے ملک کو داؤ پر لگا دیا۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے پٹرول کی قیمت نہیں بڑھائی اور خسارہ ہوا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک اور محمد زبیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے حکومت کے رواں مالی سال کے ممکنہ خسارے پر بات کی اور کہا کہ اس وقت حکومت کا خسارہ 56 سو ارب روپے کے حساب سے چل رہا ہے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے 5 سال میں اتنا خسارہ ہوا تھا، جتنا خان صاحب ایک سال میں کر کے گئے ہیں۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ مایوسی نہیں پھیلانا چاہتے، ریکارڈ کے لیے کچھ بتانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان معیشت کے ساتھ زیادتی اور عوام سے ظلم کر کے گئے، آپ نے سستی شہرت کے لیے ملک کو داؤ پر لگا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے حکومت نے کہا کہ 4 ہزار ارب کا خسارہ ہوگا، اس وقت خسارہ 5600 ارب روپے کے حساب سے ہے جبکہ 8 سو ارب کی سپلیمنٹری گرانٹس بھی شامل ہے جس کے ساتھ کل خسارہ 6400 ارب روپے ہوا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ یہ بارودی سرنگ جو بچھا کرگئے ہیں، وہ 373 ارب روپے کا ہے۔
ساتھ میں انہوں نے سابق وزیراعظم کی جانب سے بجٹ تک پٹرول کی قیمت نہ بڑھانے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمت نہیں بڑھائی اور خسارہ ہوا۔
نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کم از کم اجرت 25 ہزار کرنے کے اعلان سے متعلق مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اس فیصلے کو سراہا جارہا ہے۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ تاجر سے ایک لاکھ تک کی تنخواہوں والوں کی تنخواہ میں 10 فیصد اضافہ کی اپیل کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کل کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ اضافہ ہوا، مارکیٹ 1700 پوائنٹس اوپر گئی، اس سے پہلے کبھی بھی مارکیٹ ایک دن میں اتنا اضافہ نہیں ہوا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی آرہی ہے، آج بھی ڈالر کی قدر میں 90 پیسے کی کمی ہوئی، ڈالر 190 روپے سے 181 روپے پر آگیا۔
Comments are closed.