مسلم لیگ ن کے رہنما، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب چیئرمین عمران خان کے احکامات پر چلتے تھے، وہ سابق وزیر اعظم کی کرپشن پر خاموش رہے۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج بھی کہتا ہوں مسلم لیگ ن کے خلاف کیسز چلیں، عوام کو کیمرے لگا کر کرپشن کے بارے میں بتایا جائے، نیب کو ختم کر کے اہلکاروں کا احتساب ہونا چاہیے، نیب میں کیمرے لگانے کی عدالت میں درخواست دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نیب چیئرمین بتائے کہ اپنے دور میں کتنے سیاستدانوں کو پکڑا، اور ان سے کتنی برآمدگی ہوئی، عمران خان کے خلاف ایک کرپشن کا ریفرنس فائل نہیں ہوسکا۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کے خلاف کوئی انتقام نہیں لینا چاہتے، اگر ملک میں سیاست کھیلنی ہے تو نیب کا ادارہ موجود ہے۔
سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، عمران خان بیشک سڑکوں پر پھرتے رہیں، موجودہ حکومت نے کسی کی گرفتاریاں نہیں کرنی، کسی میڈیا کو جلسے کی کوریج سے روکنے کا حکم نہیں دیا جائے گا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیشہ وقار اور عزت کے ساتھ مسلم لیگ ن نے سیاست کی ہے، مجرم حکومت سے عوام کی جان چھٹ گئی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ عارف علوی کے دانتوں میں درد ہیں، کل شایدٹوٹھ برش نہیں کیا اس لیے عارف علوی حلف برداری میں شریک نہیں ہوئے۔
Comments are closed.