سابق وزیراعظم عمران خان نے منصب سے برطرفی کے بعد گزشتہ شب اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بائیو تبدیل کردی۔
وزیراعظم کے عہدے پر جب عمران خان موجود تھے تو اُن کی بائیو میں ’پرائم منسٹر آف پاکستان‘ لکھا تھا، اب جب وہ اپنے عہدے سے ہٹ چُکے ہیں تو انہوں نے اپنی بائیو میں بھی تبدیلی کی ہے۔
2010 میں بنائے جانے والے عمران خان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو اگر اب دیکھیں تو اس کی بائیو میں ’چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سابق وزیراعظم‘ لکھ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پرائم منسٹر آفس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اب تک عمران خان کی تصویر لگی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان، اُن کی کابینہ، مشیروں اور معاونین خصوصی کو ڈی نوٹیفائی کردیا گیا۔
عمران خان نے وزیراعظم پاکستان ہوتے ہوئے جو آخری ٹوئٹ کیا وہ پاکستان کے شاہین تھری کے کامیاب تجربے کی مبارکباد پر مبنی تھا۔
اُن کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ’شاہین تھری کے کامیاب تجربے پر میں این سی اے، اسٹریٹیجیک کمشنز اور اسٹریٹیجیک فورسز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ‘
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ’ہمیں نہایت پیشہ ور اور مستقل لگن سے کام کرنے والے سائنسدانوں، انجینئرز اور ٹیکنیشنز پر مشتمل اپنی ٹیم پر بےحد فخر ہے جن کے باعث یہ تجربہ کامیاب ہوا۔ پاکستان زندہ باد!‘
عمران خان کے اکاؤنٹ سے 10 بج کر دو منٹ پر یہ ٹوئٹ سامنے آیا تھا جبکہ اس کے کچھ ہی گھنٹوں بعد ان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوئی اور وہ عہدے سے برطرف ہوگئے۔
عمران خان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک نظر:
سابق وزیراعظم عمران خان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اگر سرسری نظر دوڑائی جائے تو وہ ایک کروڑ فالوورز رکھنے والے عالمی رہنماؤں کی فہرست میں شامل ہیں ۔
ان کے ٹوئٹر پر ایک اس وقت ایک کروڑ سے زائد فالوورز ہیں جبکہ وہ اپنے اکاؤنٹ سے کسی کو بھی فالو نہیں کرتے۔
Comments are closed.