تحریکِ عدم اعتماد کے بعد سینیٹ میں بھی تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر وسیم شہزاد اب سینیٹ میں قائدِ ایوان نہیں رہے۔
پارلیمانی ذرائع نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ نئے وزیرِ اعظم نئے قائدِ ایوان کے لیے چیئرمین سینیٹ کو بذریعہ خط آگاہ کریں گے۔
سینیٹ میں اب پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور اس کے اتحادی سینیٹرز اپوزیشن بینچز پر چلے جائیں گے۔
اپوزیشن بینچز کے ارکان نئے قائدِ حزبِ اختلاف کا نام چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو بھجوائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب قومی اسمبلی نے عمران خان پر عدم اعتماد کر دیا جس کے بعد عمران خان پاکستان کے وزیرِ اعظم نہیں رہے۔
تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد کے حق میں 174 ووٹ آئے، پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے ووٹ نہیں ڈالا۔
پارلیمنٹ نے عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کے منصب سے فارغ کر دیا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔
تحریکِ عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے اپنائے گئے تمام غیر آئینی حربے ناکام رہے۔
عمران خان تحریکِ عدم اعتماد کے ذریعے نکالے جانے والے ملک کے پہلے وزیرِ اعظم بن گئے۔
Comments are closed.