
گزشتہ ہفتے ہی گورنر پنجاب مقرر کیے جانے والے عمر سرفراز چیمہ کا اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر سرفراز چیمہ نئے وزیرِ اعظم کے حلف اُٹھاتے ہی گورنر پنجاب کے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔
دوسری جانب گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو پاکستان تحریکِ انصاف کی قیادت کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بلا لیا گیا۔
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ آج پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلا س عمران خان کی زیرِ صدارت ہو گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کو ان کے عہدے سے برطرف کیے جانے کے بعد عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کیا گیا تھا۔
دوسری جانب عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان بھی مستعفی ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔
گزشتہ شب قومی اسمبلی نے عمران خان پر عدم اعتماد کر دیا جس کے بعد عمران خان پاکستان کے وزیرِ اعظم نہیں رہے۔
تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد کے حق میں 174 ووٹ آئے، پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے ووٹ نہیں ڈالا۔
پارلیمنٹ نے عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کے منصب سے فارغ کر دیا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔
تحریکِ عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے اپنائے گئے تمام غیر آئینی حربے ناکام رہے۔
عمران خان تحریکِ عدم اعتماد کے ذریعے نکالے جانے والے ملک کے پہلے وزیرِ اعظم بن گئے۔
Comments are closed.