بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

فرح خان کے شوہر احسن جمیل گجر نے 19 گاڑیوں کی ملکیت تسلیم کرلی

خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کے شوہر احسن جمیل گجر نے 19 گاڑیوں کی ملکیت تسلیم کر لی، باقی الزامات سے انکار کردیا۔

 جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خاتون اول کے ساتھ ہماری نیازمندی ہے اور کافی پرانا تعلق ہے، فرح خان پر تمام الزامات ایبسولوٹلی بے بنیاد ہیں، فرح بیچاری کا تو کوئی بینک اکاؤنٹ بھی نہیں ہے ،عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بننے سے پہلے سے جانتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ رشوت لے کر لگے ہوتے تین سال تک کیا اپنے عہدے سے ہٹتے، اگر کسی نے پیسے لیے ہیں تو ثبوت سامنے لائے جائیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں فرح خان نے کہا ہے کہ میرے کردار پر کیچڑ اچھالنے والوں کی اپنی بھی بہن بیٹیاں ہیں۔

احسن جمیل گجر نے کہا کہ ہم کوئی ملک چھوڑ کر نہیں بھاگے، معمول کے مطابق ملک سے باہر ہیں، جو خود مفرور ہیں ہمارے بارے میں کہہ رہے ہیں کہ بھاگے ہوئے ہیں، جب دل چاہے گا وطن واپس آجائیں گے، پاکستان ہمارا ملک ہے ہم معمول کے مطابق بیرون ملک آتے جاتے ہیں۔

فرح خان کے شوہر نے کہا کہ جو اعداد و شمار پیش کیے جارہے ہیں یہ ہم نے ایف بی آر کو دیے ہیں، ہمارا کاروبار کسی سے پوشیدہ نہیں، جن لوگوں کے کھربوں روپے کی جائیدادیں ہیں ان سے کوئی سوال نہیں کررہا۔

احسن جمیل نے کہا کہ ہماری تمام جائیدادیں ڈکلیئرڈ ہیں، بالکل یہ 19 گاڑیاں ہمارے نام پر ہیں ہم قبول کرتے ہیں، ان میں ایسی بھی گاڑیاں ہیں جو ہم بیچ چکے ہیں خریدار نے اپنے نام نہیں کروائی،  کچھ گاڑیاں ہم نے 2015 میں خریدی تھیں اس وقت تحریک انصاف کی حکومت نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ جس کو شوق ہے ہمارے خلاف عدالت میں درخواست دے ثبوت پیش کرنے کو تیار ہیں، فرح بیچاری کا تو کوئی بینک اکاؤنٹ بھی نہیں ہے۔

ایکسائز ریکارڈ کے مطابق فرح خان اور ان کےخاوند کےنام پر 19 گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، فرح خان کے نام پر 2 پورشےسمیت 12 گاڑیاں درج ہیں۔

احسن جمیل گجر نے کہا کہ عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ بننے سے پہلے سے جانتا ہوں، ہم پی ٹی آئی میں عہدیدار نہیں ہمارا گھریلو تعلق ہے، نہ ہمارے کہنے پر کسی کو وزیراعلیٰ بنایا جاتا ہے نہ ہٹایا جاتا ہے۔

 احسن جمیل نے کہا کہ فرح کے گاؤں میں ہماری کوئی ایسی جائیداد نہیں جس میں اضافہ ہوا ہو، اس گاؤں میں سڑک پہلے سے موجود تھی مرمت ہوئی، کوئی نئی سڑک نہیں بنی۔

انہوں نے کہا کہ علیم خان کے اختلافات ہمارے ساتھ نہیں پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، وہ جانے اور پارٹی جانے۔

فرح خان کے شوہر نے کہا کہ مریم نواز کی والدہ کے ساتھ کام کیا ہے ان کا احترام ہے، یقین ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی تربیت کا اثر ان پر ضرور ہوگا۔

احسن جمیل گجر نے کہا کہ ہم جیٹ پر جائیں ، سائیکل یا کار پر وہ حکومت کا جیٹ نہیں ہے، ہم نے کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء تارڑ نے کہا کہ رضوان گوندل کی پوسٹنگ میں احسن جمیل گجر کا ہاتھ تھا، جس کے جواب میں احسن جمیل نے کہا کہ رضوان گوندل کی ٹرانسفر میں کرپشن کا عمل کہاں تھا؟

 احسن جمیل گجر نے کہا کہ فرح کو کسی نے گھڑی بیچنے کے لیے نہیں دی، نہ ہمارا گھڑیاں بیچنے کا کوئی کاروبار ہے نہ ہمیں کسی نے کوئی گھڑی دی ہے، عطاء تارڑ اپنی قیادت کو گمراہ نہیں کریں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.